اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 27 کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ غریب ممالک کے نقصانات کے ازالے کے لیے فنڈ قائم کرنے پر اتفاق کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی انصاف کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب عبوری کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ اس اقدام کو ترقی کی جانب آگے بڑھائے، اس مقصد کے لیے شیری رحمٰن اور ان کی ٹیم کے تعاون اور محنت قابل تعریف ہے۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کانفرنس میں فنڈ قائم کرنے کے فیصلے کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا 134ممالک کے لئے فنڈ قائم ہونے میں 30برس لگے، 30برس بعد تاریخی ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے ۔
شیری رحمٰن نے کوپ 27کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’کوپ 27میں ہونے والی پیش رفت ماحولیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے تو اب پاکستان فنڈ کے فعال ہونے کا منتظر ہے‘۔
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ ’یہ اعلان ایسے ممالک کو امید فراہم کرتا ہے جو موسمیاتی آفات اور اثرات کی کئی برسوں سے جنگ لڑ رہے ہیں‘۔شیری رحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا۔