وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چارج سنبھالنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے آرمی چیف سے کہا کہ امید ہے آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا بہتر مقابلہ کریں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قیادت کرنا بڑا اعزاز ہے، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے تحفظ، دہشتگردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔