سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے عندیہ دیا ہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جھوٹے کیسز کے ذریعے انتخابات سے آؤٹ کریں گے۔
اسد قیصر نے نے اپنے تازہ بیان میں آصف علی زرداری کے عمران خان سے متعلق دیے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان کو جھوٹے کیسز میں گرفتار کرنا پی ڈی ایم کی خواہش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ یاد رکھیں پاکستان کے مستقبل کے فیصلے اب عوام کریں گے، بند کمروں کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان گرفتار ہو سکتے ہیں، صدر مملکت کے مواخذے کا کہنا قبل از وقت ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں عدم اعتماد لائیں گے، ان کے پاس کے پی میں سیٹیں موجود ہیں لیکن تھوڑے دوست گمراہ ہیں، انہیں واپس لانا ہے، دیکھتا ہوں وہ کتنے ایم پی ایز لاتے ہیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں اگر ٹوٹیں اور انتخابات ہوئے تو پاکستان پیپلز پارٹی بھی الیکشن میں حصہ لے گی۔