امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے 3 نکاتی ایجنڈا بتا دیا۔
منصورہ لاہور میں سراج الحق نے جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال اور عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ تین نکاتی ایجنڈے پر نئے سماجی معاہدہ سے سیاسی عدم استحکام ختم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کی باتیں قوم کو منظور نہیں، انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں سویلین بالادستی اور انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کا آغاز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، انتخابات متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے سود اور کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔