• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ملک میں مالی ایمرجنسی لگ رہی ہے؟ مصدق ملک نے سوال کا جواب دے دیا

وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگائے جانے سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔

مصدق ملک سے میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے استفسار کیا کہ کیا ملک میں مالی ایمرجنسی لگ رہی ہے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ یہ میں آپ سے سن رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کوئی معاشی ایمرجنسی نہیں لگائی جارہی اور نہ ہی اس بارے میں سوچا جارہا ہے۔

وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ حکومتی سطح پر معاشی ایمرجنسی لگانے سے متعلق غور نہیں کیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چند روز پہلے سکوک بانڈز کی مد میں 1 ارب ڈالر ادا کیے ہیں جبکہ مزید 3 ارب ڈالر رول اوور ہونے جارہے ہیں۔

مصدق ملک نے روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر کہا کہ روس سے تیل کی خریداری کےلیے امریکی پابندیوں کا سامنا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے دور میں روس سے تیل خریداری کی صرف باتیں کرتی تھی، روس سے ہماری بات چیت کے منٹس موجود ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ جو روس سے بات چیت ہوئی وہ بتادی ہے، اگر کوئی کہتا ہے کہ روس تیل نہیں دے رہا تو کیا کہہ سکتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ روسی وفد بات چیت کےلیے 20 جنوری کو آئے گا، روس سے تیل خریداری کے لیے امریکی پابندیوں کا سامنا نہیں ہوگا۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان لفافہ نکال کر جو بھی کہہ دیں سچ بن جاتا ہے، ایسے ہوا میں کہہ دینے سے معاہدہ نہیں ہوجاتا، روس سے تیل خریداری کی عمران خان کی بات ماننی ہے تو پھر لفافے کو بھی مان لیں۔

قومی خبریں سے مزید