• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالیاتی ایمرجنسی سے متعلق خبریں جعلی ہیں، فنانس ڈویژن کی وضاحت

حکومت پاکستان کے فنانس ڈویژن نے سوشل میڈیا پر مالیاتی ایمرجنسی سے متعلق زیر گردش جعلی خبروں پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

فنانس ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط پیغامات کا مقصد ملک کی معاشی صورتِ حال کو غیر یقینی بنانا ہے۔

بیان میں مزید کہا کہ ایسے غلط پیغامات وہی پھیلا سکتے ہیں جو پاکستان کو خوش حال ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

فنانس ڈویژن نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مالیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

وضاحت میں کہا گیا کہ معاشی سختی کے اس دور میں ایسے جعلی پیغامات بنانا اور پھیلانا قومی مفاد کے خلاف ہے، ملک کو سری لنکا سے جوڑنا انتہائی غیر مناسب ہے۔

فنانس ڈویژن کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی مشکلات کی وجوہات میں یوکرین جنگ، قیمتوں کا اتار چڑھاؤ، عالمی کساد بازاری، امریکی شرح سود میں اضافہ اور حالیہ سیلاب جیسے عوامل بھی شامل ہیں۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط اور سیلاب کے اثرات کے باوجود حکومت بیرونی عوامل کی شدت کو کم کرنے کی مکمل کوشش کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید