آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ نویں جائزے کی اب تک کی بات چیت کو تعمیری قرار دے دیا۔
’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے کہا کہ پاکستان سے معاشی آؤٹ لک کے ازسرِنو جائزے پر تبادلۂ خیال ہوا ہے۔
ایسٹر پیریز کا کہنا ہے کہ پاکستان سے جائزے کے لیے مثبت بات چیت چل رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان کے معاشی آؤٹ لک کا ازسرِنو جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان کو مختلف معاشی اعداد و شمار کا ازسرِنو تعین کرنا ہو گا۔
ایسٹر پیریز نے کہا کہ پاکستان کو مالیاتی نظم و ضبط اور خسارہ کنٹرول کرنے کے لیے اہداف کا ازسرِ نو جائزہ بھی لینا ہو گا، ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کی پالیسی پر نظرِ ثانی کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں جائزے کے لیے مختلف اہداف کو مکمل کرنا ہے، توانائی کی اصلاحات پر ساتویں اور آٹھویں جائزے کے طے شدہ اہداف پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
نمائندہ آئی ایم ایف ایسٹر پیریز نے کہا کہ پاکستان سے بات چیت مزید جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی متاثرینِ سیلاب کی انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ضرورتوں کا احساس ہے۔
ایسٹر پیریز نے مزید کہا کہ پاکستان سے متاثرینِ سیلاب کے ریلیف کے لیے پالیسیز پر بات چیت ہوئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کے لیے فنانسنگ کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہو گا۔