• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے 340 ارب روپے کے سیلابی اخراجات IMF سے شیئر کردیئے

اسلام آباد (مہتاب حیدر) معلوم ہوا ہے کہ پاکستان نے 340ارب روپے کے سیلابی اخراجات آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیے ہیں اور رواں مالی سال 2022-23کے لیے بجٹ خسارے کو اسی تناسب تک بڑھانے کے لیے ایک ایڈجسٹر دینے کی درخواست کی ہے۔ ٹیکس وصولی کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے حکومت رواں مالی سال میں فلڈ لیوی لگانے پر غور کر رہی ہے اور اس کے درست طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ہم ان زیادہ آمدنی والے خطوط پر فلڈ لیوی لگانے پر غور کر رہے ہیں جو حالیہ برسوں میں بہت زیادہ منافع کما رہے ہیں۔ ہم نے ابھی تک طریقہ کار طے نہیں کیا ہے لیکن اس وقت حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں میں اس پر غور جاری ہے۔ حکومت نے سیلاب کے اخراجات بشمول بی آئی ایس پی کے اخراجات اور رواں مالی سال کے دوران ریلیف اور بحالی پر ہونے والے فنڈز کے استعمال بشمول پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور صوبائی حکومتوں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں (اے ڈی پیز) کو شیئر کیا ہے۔ اب ایڈجسٹر بجٹ خسارے کے ہدف کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا جس کا تخمینہ 23-2022 کے بجٹ کے موقع پر جی ڈی پی کا 4.9 فیصد رکھا گیا تھا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف نے عملی طور پر بات چیت جاری رکھی لیکن ٹیکس وصولی کے اہداف اور نان اسٹارٹر انرجی ریفارمز بشمول گیس ٹیرف میں اضافہ، گردشی قرضوں میں اضافہ اور اخراجات میں اضافہ پر اب بھی اختلافات برقرار ہیں جو 7 ارب ڈالرز کی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزے کی تکمیل کے لیے عملے کی سطح کے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل بنا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید