• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے ریکوڈک کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کو راضی کرلیا، ذرائع

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ریکوڈک کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کو راضی کر لیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوڈک کے معاملے پر جے یو آئی (ف)، بی این پی مینگل، اور پی کے میپ کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ن لیگ کی نمائندگی وفاقی وزراء ایازصادق اور اعظم نذیر تارڑ نےکی۔

ذرائع کے مطابق  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ریکوڈک منصوبے پر بلوچستان کا شیئر 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرے گی۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کا حصہ بڑھانے کے لیے ترمیمی بل لایا جائے گا، بل پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ریکوڈک معاہدے پر 2 اتحادی جماعتوں کے وزرا کا بائیکاٹ

واضح رہے کہ ریکوڈک معاہدے پر وفاقی حکومت کی 2 اتحادی جماعتوں کے وزرا نے کابینہ اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا، جس میں ریکوڈک معاہدے پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے وزرا نے بائیکاٹ کیا تھا۔

بی این پی مینگل اور جے یو آئی کے وزرا نے ریکوڈک معاہدے کو 18ویں ترمیم کے خلاف قرار دیا تھا۔

دونوں پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزرا کابینہ اجلاس میں آئے، اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور کارروائی کا بائیکاٹ کر کے چلے گئے تھے۔

کابینہ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والے وزراء میں آغا حسن بلوچ، حاجی ہاشم اور مولانا عبدالواسع شامل تھے۔

قومی خبریں سے مزید