اسلام آباد (عمر چیمہ)وزیراعظم شہباز شریف نے انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ 22؍ گریڈ کے افسر فواد اسد اللہ خان کو عہدے میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آئندہ جمعہ کو ریٹائر ہونے والے تھے۔
وزیراعظم آفس کے ذریعے نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ صدر عارف علوی نے وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس منظور کر لی ہے اور جلد نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔
فواد آئی بی کے پہلے افسر ہیں جو گریڈ 22؍ تک پہنچے اور انہیں ایجنسی کا چیف لگایا گیا۔ انہیں 1996ء اور 1997ء میں تمغہ شجاعت اور ستارۂ شجاعت عطا کیا جا چکا ہے۔
وہ آفتاب سلطان کی سرکردہ ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں جنہوں نے پہلے یوسف رضا گیلانی اور اس کے بعد نواز شریف کے ساتھ بطور آئی بی چیف کام کیا تھا۔ اتفاق کی بات ہے کہ نواز شریف نے بھی ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کو عہدے میں توسیع دی تھی۔
شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر انہیں چیئرمین نیب لگایا گیا۔ آفتاب سلطان کے دور کو ایجنسی کا شاندار دور سمجھا جاتا ہے جس میں انہوں نے ادارے کو تبدیل کرکے اسے ایک مسابقتی ایجنسی بنایا جس نے انسداد دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں حصہ لیا۔