پشاور کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ’ریڈ فلیگ زون‘ کہنے پر وزیر کھیل خیبرپختونخوا کامران بنگش نے ردِ عمل دے دیا۔
صوبائی وزیر کامران بنگش نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے خون بہایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الفاظ کا انتخاب اہم ہے خاص طور پر جب وہ پی سی بی چیئرمین کے ہوں۔
کامران بنگش نے اس امید کا اظہار کیا کہ پشاور جلد بین الاقوامی میچز کی میزبانی کرے گا۔
واضح رہے کہ رمیز راجہ نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ خوفزدہ ہیں کہ پشاور اب بھی غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے ریڈ فلیگ زون ہے۔
خیال رہے کہ رمیز راجہ کے بیان پر اے این پی خیبر پختونخوا کی ترجمان ثمر بلور نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ رمیز راجہ کا پشاور سے متعلق بیان غلط اور تکلیف دہ ہے، پشاور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کے بعد اپنے پیروں پر کھڑا ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے پشاور میں بین الاقوامی میچز زیر غور نہیں، حکومت سے سوال ہے پھر 2 بڑے اسٹیڈیمز پر خرچہ کیوں کیا جارہا ہے؟