• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر کا افتتاح کر دیا

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی بینک کے تعاون سے قائم کیے گئے ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب اور رسول بخش چانڈیو بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پہنچنے پر ان کو ریسکیو کیڈٹس نے سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ‎وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا وزٹ بھی کیا، جہاں انہیں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ریسکیو 1122 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ ایمرجنسی سروس عالمی بینک کے سندھ ریزیلنس پروجیکٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پہلی ریسکیو سروس کا آغاز کیا گیا ہے، اسٹیٹ آف آرٹ پوسٹ میڈیکل ہیلتھ فیسیلٹی کراچی کے 4 اضلاع میں اور لاڑکانہ میں شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریسکیو 1122 کے ذریعے ایمبولینس، فائر، اربن سرچ اینڈ ریسکیو اور واٹر ریسکیو سروس مہیا کی جائے گی، ریسکیو 1122 سروس کراچی، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سجاول، قمبرشہداد کوٹ اور حیدرآباد میں موجود ہے، کل سے یہ سروس بدین میں بھی شروع ہو جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےبتایا کہ ہم نے 3 سال پہلے ریسکیو 1122 سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کے ایم سی، فائر بریگیڈ اور پولیس کو بھی اس سے لنک کیا ہے، ورلڈ بینک نے فنڈنگ کی، کے ایم سی نے جگہ دی، اب کمانڈ سینٹر تیار ہے جس میں 130 ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ شامل ہیں، اسے مزید بہتر کریں گے، ریسکیو 1122 کے لیے جدید سافٹ ویئر بنوایا ہے جبکہ یہاں کے علاوہ مزید 5 سینٹر بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ مرکزی شاہراہوں پر ہر 50 کلو میٹر پر ریسکیو سروس شروع کی جائے گی، جس کے لیے 107 کیڈٹس کو خصوصی تربیت دے کر ریسکیو کا کام دیا گیا ہے، مزید 315 کیڈٹس کی ٹریننگ جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید