• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعود شکیل کراچی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کیلئے پُرامید

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔

کراچی میں جیونیوز سے گفتگو میں سعود شکیل نے کہا کہ انگلینڈ کی سیریز کو فراموش کر کے نیوزی لینڈ کے خلاف نئی سیریز کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

قومی بیٹر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنی کارکردگی کا تجزیہ کیا ہے، جہاں جہاں کمی رہی ہے، اس کو پُر کرنے کے لیے بات کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے جہاں موقع تھا وہ رنز نہیں بنا پایا، کوشش کروں گا کہ ایسا پھر نہ ہو، آگے بڑھنا ہے تو کبھی بھی مطمئن نہیں ہوسکتا۔

سعود شکیل نے یہ بھی کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس بھی اچھے اسپنرز ہیں، اس کے مطابق سے گیم پلان کریں گے، کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ جو چار 50 کیے ان میں سے 2 کو سنچری میں بدل پاتا تو پاکستان کے لیے نتائج مختلف ہوتے۔ اگر پاکستان کو اپنی پرفارمنس سے جتواتا تو زیادہ مطمئن ہوتا۔

قومی مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں، غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ اپنی ففٹی کو سنچری میں تبدیل نہیں کرسکا، خاص طور پر ملتان والی اننگز میں اگر سنچری کرتا تو اچھا ہوتا۔

سعود شکیل نے کہا کہ ہر آؤٹ کا دُکھ ہوتا ہے لیکن ملتان والے آؤٹ کا دُکھ زیادہ تھا، اُس وقت اگر 20 رنز اور کرلیتے تو انگلینڈ دباؤ میں آجاتا۔

انہوں نے کہا کہ پُرامید ہوں کہ نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کروں گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید