• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن، پی ٹی آئی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو کرانے کےلیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپیل دائر کردی۔

پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ پی ٹی آئی کی اپیل پر کل سماعت کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے سردار تیمور اسلم کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

عدالت عالیہ کے سنگل بینچ نے 27 دسمبر کو فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

پی ٹی آئی کی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن سے 11 روز پہلے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کی کوئی اہمیت نہیں۔

اپیل میں استدعا کی گئی کہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم کرکے الیکشن کمیشن کا 20 دسمبر کا فیصلہ بحال کیا جائے۔

استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو 101 یونین کونسلز میں 31 دسمبر کو الیکشن کرانے کی ہدایت کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید