• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے کھیلنے کا معاملہ حکومتی سطح کا، منع کیا تو نہیں جائینگے، نجم سیٹھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہوتا ہے، حکومت نے کہا کہ نہ جاؤ، تو نہیں جائیں گے، ایشیا کپ کے معاملہ پر اے سی سی میں دیکھیں گے کہ صورت حال کیا ہے، ہم نے ایسا فیصلہ کرنا ہے کہ خود بھی تنہا نہ رہیں۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے ماضی میں کوچ کی حیثیت سے بہت اچھا کام کیا تھا۔ اس لئے ہم انہیں ہیڈ کوچ مقرر کرنا چاہتے ہیں۔ مکی آرتھر سے رابطہ کیا ہے۔ وہ ڈاربی شائر کاؤنٹی کے ساتھ طویل معاہدہ کرچکے ہیں ۔ ہم سے ایک ہفتے مانگا ہے۔ آٹھ دس دن میں طے ہو گا کہ کوچنگ اسٹاف میں کون ہو گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے پی سی بی کو بتایا ہے کہ وہ جولائی سے دستیاب ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جونیئر لیگ کے بارے میں منفی رائے ہی ملی ہیں، جونیئر لیگ کے معاملے پر نظرثانی کریں گے، ویمن لیگ کا آئیڈیا اچھا ہے ۔ دریں اثناءپاکستان کرکٹ بورڈ عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کی او ر کھیل کی بہتری کے لئے مشورے لئے۔ ملاقات کرنے والوں میں جاوید میاں داد، سلیم یوسف، شعیب محمد، صادق محمد، توصیف احمد، راشد خان، محمو د حامد، اعظم خان اور دیگر شامل تھے۔

اسپورٹس سے مزید