• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ، پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو مات دے دی، پانچوں میچ میں فاتح

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے بعد بنگلہ دیش نے بھی بھارت میں ہونے والے خواتین ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے کوالی فائی کرلیا۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر بولنگ اور بیٹنگ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں اپنے پانچویں اور آخری میچ میں بنگلہ دیش ویمنز کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔اسطرح پاکستان نےٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی واحد ٹیم بن گئی۔ہفتے کے روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر 9 وکٹوں پر178 رنز بنائے۔پاکستان نے 40 ویں اوور میں 179 رنز کا ہدف صرف3 وکٹوں پر حاصل کرلیا ۔سعدیہ اقبال 3،فاطمہ ثنا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔منیبہ علی69اورعالیہ ریاض 52رنز بنائے۔دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹرز کی دھواں دھار بیٹنگ انہیں ورلڈکپ کا ٹکٹ نہ دلوا سکی،، بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔پہلے کھیلتے ہوئے تھائی لینڈ نے 167رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز ویمن کو ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے لئے ہدف 10.1 اوورز میں پورا کرنا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دس 10.5 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بناکر میچ تو جیت لیا لیکن ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی۔ویسٹ انڈیز کی کھلاڑی کوالیفائی نہ کرنے پر رو پڑیں۔