کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ ٹین میں اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی ٹورنامنٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ ایکشن میں ہوں گی۔شاداب خان کی دفاعی چیمپین اسلام آباد کی ٹیم تینوں میچ جیت کر نا قابل شکست ہے کراچی کنگز نے تین میں سے دو میچ جیتے ہیں لیکن منتظمین کے لئے تشویش کی بات یہ ہے وہ تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لانے میں ناکام ہیں۔پی ایس ایل کے سی سی او سلمان نصیر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے تماشائی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیڈیم آنے سے گریز کررہے ہیں۔ابتدائی تین میچوں میں اسٹیڈیم میں چند ہزار تماشائی آسکے ہیں حالانکہ پی سی بی نے تماشائیوں کے لئے انعامات کا اعلان کررکھا ہے۔ کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سےزیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے۔انہوں نے 84 اننگز میں مجموعی طور پر 116 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے وہاب ریاض کی 113 وکٹوں کا ریکارڈ توڑا ہے۔انہوں نے یہ اعزاز گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں حاصل کیا۔ حسن علی نے کوئٹہ کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ وہاب ریاض کے پاس تھا جنہوں نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں حاصل کی تھیں۔