• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی کے علی رضا کی تباہ کن بولنگ، ملتان کے بیٹرز ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں ابھرتے ہوئے ستارے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے17سالہ نوجوان فاسٹ بولر علی رضانے اپنی تباہ کن بولنگ کے باعث ملتان کے بیٹرز بری طرح ناکام ہوکر ایک اور شکست سے دوچار ہوگئے۔پشاور زلمی نےمیچ یکطرفہ انداز میں120 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔ملتان کی ٹیم 15.5اوورز میں صرف107رنز پر آوٹ ہوگئی۔پاکستان سپر لیگ ٹین میں پہلے دو میچ ہارنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم نے دھواں دار بیٹنگ کے بعد نوجوان فاسٹ بولر علی رضااور لیگ اسپنرعارف یعقوب کی شاندار بولنگ کی بدولت پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ محمد رضوان کی قیادت میں سابق چیمپین ملتان سلطانز کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور اسے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا۔علی رضا نے21رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی بولر کی بہترین بولنگ ہے۔عارف یعقوب نے20رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔مچل اوون نے دو رنز دے کر دو اور صائم ایوب نے ایک وکٹ لی۔ چھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔محمد رضوان نے شکست کا ذمے دار فیلڈنگ کو قرار دیا۔بڑے اور مشکل ہدف کے تعاقب میں ملتان کی جانب سے کوئی بیٹر جم نہ سکا۔عثمان خان نے مزاحمت کرتے ہوئے22گیندوں پر44رنز کی اننگز کھیلی۔انہوں نے تین چھکے اور چار چوکے مارے۔شائے ہوپ 20گیندوں پر20اور محمد رضوان 9گیندوں پر 15ولی 13رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کامران غلام 6مائیکل بریسویل تین،ایشٹن ٹرنر صفر،افتخار احمددو اسامہ میر ایک رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ہفتے کی شب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ابتدائی اوورز میں صائم ایوب اور بابر اعظم کی وکٹیں گنوانے کے باوجود پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ زلمی کے کپتان بابراعظم نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔صائم دو رنز بناکر بریسویل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔بابر اعظم کو دو کے انفرادی اسکور پرولی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔صرف 5 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈ مور نے جارحانہ کھیل پیش کیا، محمد حارث 21 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حسین طلعت نے بھی 29 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ٹام کوہلر کوڈ مور نے رواں سیزن میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی، وہ 30 گیندوں پر 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈمور کے درمیان 73 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ قائم کی۔ جب کہ مچل اوون نے بھی 15 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پی ایس ایل 10 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبدالصمد نے 14 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی ، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میںپشاور زلمی نے 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے عبدالصمد، لک ووڈ اور عارف یعقوب کو اسکواڈ میں شامل کیا جب کہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیاں کی ہیں عاکف جاوید اور ایشٹن ٹرنر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید