کراچی(اسٹاف رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں جے ڈی ڈبلیو کے فیاض خان کی 7 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں ون ٹین کمیونیکیشن کی ٹیم تین روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جے ڈی ڈبلیو نے کھیل ختم ہونے پر 91رنز بنائے تھے اور اس کی 3 وکٹیں گری تھیں۔واضح رہے کہ جے ڈی ڈبلیو ، ملتان سلطانز کی نمبر دو ٹیم ہے جو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں کامیابی کی صورت میں آئندہ سیزن میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کھیلنے کی اہل ہوگی۔شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جے ڈی ڈبلیو نے ٹاس جیت کر ون ٹین کو بیٹنگ دی جو 30 اعشاریہ 2 اوورز کی بیٹنگ میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔احسن علی نے 54 رنز اسکور کیے۔بائیں ہاتھ کے تیز بولر فیاض خان نے صرف 37 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔ماجد علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جے ڈی ڈبلیو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کے گروپ بی میں ہے جس میں شامل دیگر ٹیمیں ون ٹین کمیونیکیشن۔ آرمی ۔ پی ایچ اے راولپنڈی۔ سی ڈی اے ۔ غنی انسٹی ٹیوٹ اور جے جے کنسلٹنسی ہیں۔