• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھارت کے ساتھ مشروط مذاکرات چاہتا ہے، دفترخارجہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مشروط مذاکرات چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی ترک کر کے کشمیر کا مسئلہ حل کرے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں، پاکستان سے بھارت کے تعلقات واضح ہیں، بھارتی حکام ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوشاں رہے گا، بھارت ذمے دار ملک کا کردار ادا کرے تو بات چیت ہو سکتی ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی ختم کرے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ سال 2022 میں پاکستان نے خارجہ محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان رواں سال دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستانی حکام کے بیرون ملک دورے اہم رہے۔ امریکا، چین، یورپ، مشرق وسطیٰ سمیت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔

’کوپ 22 کانفرس میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا گیا‘

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ 2022 میں پاکستان فیٹف گرے لسٹ سے باہر نکلا، کوپ 22 کانفرس میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا گیا، موسمیاتی تبدیلی، سرمایہ کاری، توانائی پر امریکا کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا اہم دورہ کیا، پاکستان مستحکم اور پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت نے مختلف فورمز پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں، پاک افغان بارڈر پر کشیدگی پر کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملہ کیا گیا، پاکستان پر امن ہمسائیگی تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔

’پاکستان کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کر سکتا ہے‘

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کر سکتا ہے، پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر ڈوزئیر اقوام متحدہ کو دیا، او آئی سی سیکریٹری جنرل نے 11 دسمبر کو آزاد جموں کشمیر کا دورہ کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کے لیے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، کلبھوشن جادھو کے کیس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، بارڈر، سیکیورٹی کے مسائل پر بھی افغان حکام سے بات چیت جاری ہے۔

’سائفر کا معاملہ ختم ہو چکا ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ سائفر کا معاملہ ختم ہو چکا ہے، ہمیں سائفر کا معاملہ دوبارہ نہیں کھولنا چاہیے، وزیرِ اعظم 9 جنوری کو سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی پر مشترکہ کانفرس کی سربراہی کریں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بہت نقصان پہنچا، دنیا بھر میں پاکستانی مشنز نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوست ممالک کو آگاہ کیا، دوست ممالک نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر مدد کی۔

قومی خبریں سے مزید