اسلام آباد (خبرایجنسی ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاہےکہ بھارت پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی ختم کرکےذمہ دار ملک کا کردار ادا کرے، تب ہی مذاکرات ممکن ہیں ، پاک چین تعلقات کیخلاف مکروہ پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے،توقع ہے افغان حکام خواتین کی تعلیم پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔ دفتر خارجہ نے 2022 کو لائن آف کنٹرول سے متعلق امن کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان کے سیکورٹی ادارے غیر ملکی سفارتکاروں، شہریوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ،کسی بھی غیر ملکی سفارتی مشن نے دہشت گردی بارے کوئی مخصوص اطلاع دی نہ ہی اپنے عملے کو خطرات سے متعلق وزارت خارجہ سے رابطہ کیا،امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان کو فوجی سامان فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے،وزیر اعظم شہباز شریف 9جنوری کو جنیوا میں موسمیاتی کانفرنس کی میزبانی کریں گے،اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور متعدد ممالک کے سربراہان کانفرنس میں شرکت کریں گے،ان خیالا ت کا اظہارترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا ،انہوں نے مزید کہا ہے کہ سال 2022اکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے کافی متحرک سال ثابت ہواہے،کورونا پابندیوں کے بعد 2022میں پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان اعلی سطح پر رابطے ہوئے ہیں،اقوام متحدہ، او آئی سی سیکرٹری جنرلز سمیت اہم عالمی سربراہان کے دوروں سے باہمی روابط بہتر ہوئے،پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آنا تھا، موسمیاتی تغیر بارے عالمی فنڈز کا قیام بھی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان 2022ء میں پہلے مذاکرات بھی ہوئے ،پاکستان، یورپی یونین نے مائیگریشن کے بارے میں باضابطہ بات چیت کا آغاز کیا۔