اپنے انڈوں کی حفاظت کے لئے پرندوں کی ماں چلتے ہوئے ٹریکٹر کے سامنے آگئی جس کی دلیری کو سوشل میڈیا صارفین بھی سراہے بنِا نہ رہ سکے۔
ماں چاہئے کسی انسان کی ہو یا کسی بے زبان جانور ، چَرند و پَرند کی ہو، اس کی اولین ترجیح اس کے بچوں کی جان کی حفاظت ہوتی ہے، سوشل میڈیا پر ایسی ہی ایک پرندوں کی ماں کی دلیری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر والا افشار نامی صارف نے حال ہی میں ماضی کی ایک ویڈیو کو دوبارہ شیئر کیا جس میں ایک ماں اپنی جان پر اپنے بچوں کی حفاظت کو فوقیت دیتی ہے۔
43 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے ایک پرندہ اپنے ان بچوں کی حفاظت کر رہی ہے جو ابھی انڈے سے نکلے بھی نہیں ہیں۔
وائرل ویڈیو میں بخوبی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹے سے گھونسلے میں چند انڈے موجود ہیں، جس پر ان کی ماں بیٹھی اپنے پَر پھلا کر انہیں چلاتے ہوئے ٹریکٹر سے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
حتیٰ کہ ٹریکٹر اس کے اوپر سے گزر جاتا ہے تیز دھڑکنوں اور خوف کے باوجود بھی وہ ٹس سے مس نہیں ہوتی اور نہ ہی ایک لمحے کے لئے اپنے پر بند کرتی ہے۔
دوسری جانب ٹریکٹر ڈرائیور بھی کمال مہارت سے ٹریکٹر چلاتا ہے کہ وہ باآسانی اس پرندے، اس کے گھونسلے اور اس کے انڈوں کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر اس کے اوپر سے گزر جاتا۔
مذکورہ ویڈیو والا افشار نامی صارف نے گزشتہ شام شیئر کی تاہم مختصر وقت میں اسے اب تک تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد بار دیکھا اور 2 ہزار سے زائد بار پسند کیا جاچکا ہے۔
کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین پرندے کی دلیری اور ڈرائیور کی مہارت کو داد دے رہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ واقعی ماں اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔