پاکستان کرکٹ ٹیم اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ رن آؤٹ پر بابراعظم کو منانے کی کوشش کروں گا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں امام الحق نے کہا کہ خواہش تو ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ آؤٹ نہ ہوں، ٹیسٹ کا تیسرا دن اہم ہے۔
کپتان بابر اعظم کے دوسرے دن رن آؤٹ ہوجانے پر اوپننگ بیٹر نے کہا کہ کرکٹ میں رن آؤٹ ہو جاتے ہیں، وہ بھی ایک بار ایسے ہی آؤٹ ہوچکے ہیں، اب بابر اعظم کو منانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہم نے کم بیک کیا، کوشش کریں گے کہ کل میچ پر گرفت مضبوط کریں۔
امام الحق نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ نے آخری وکٹ پر اچھا کھیلا، جس کی وجہ سے چیزیں ان کے حق میں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن کے بعد نیوزی لینڈ کی جو پوزیشن تھی، اس کے بعد 350 پر آؤٹ کرنے کے لیے پرامید تھے، کچھ وہ بھی اچھا کھیلے کچھ ہم نے بھی بولنگ عام سی کی۔
اوپننگ بیٹر نے یہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ خسارے کو کم کریں اور اچھی باریاں لگائیں، جیسے جیسے وکٹ پرانا ہوتا ہے، چیلنجز بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ پر گراس ہے اس وجہ سے زیادہ خراب نہیں ہوئی، نیوزی لینڈ فیلڈ پر نفسیاتی طور پر بہت اچھا گیم کھیلتے ہیں۔
امام الحق نے کہا کہ تجربہ کار سائیڈ ہے، نیوزی لینڈ ہمیں چیلنج ضرور دے گا، ہمیں ہر صورت بیٹنگ یونٹ میں تگڑا ہوکر کھیلنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل جب آیا تو ریورس سوئنگ اچھا ہو رہا تھا، اس نے کافی اچھا کھیلا، ہر بیٹر چاہتا ہے کہ رن کریں لیکن سعود نے ٹیم کےلیے ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا۔
اوپننگ بیٹر نے کہا کہ وہ ایک گھنٹہ کافی اہم تھا اگر کوئی کھلاڑی آؤٹ ہوجاتا تو مسئلہ ہوتا، کرکٹ میں رن آؤٹ ہوجاتے ہیں، پہلے ایک بار میں ایسے آؤٹ ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کپتان تک میری نو کی آواز ہی نہیں آئی، وہ بہت قریب آگئے تھے، کرکٹ میں کمیونیکشن کی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔