• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیخلاف بیٹنگ میں ہمارا پلان کامیاب رہا، میٹ ہینری


نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بیٹنگ میں ہمارا پلان کامیاب رہا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں میٹ ہینری نے کہا کہ بیٹنگ میں ان کے لئے آج اچھا دن تھا ،میری اور اعجاز پٹیل کی پارٹنرشپ سے نیوزی لینڈ اچھی پوزیشن میں آگیا۔

صحافی نے فاسٹ بولر سے استفسار کیا کہ نیوزی لینڈ نے آج دسویں وکٹ پر زبردست پارٹنر شپ لگائی، اس دوران اپنی اننگز کے بارے میں کچھ بتائیں، کیا یہ آپ کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے؟

اس پر میٹ ہینری نے جواب دیا کہ شکریہ، میرا خیال ہے کہ میری بیٹنگ کےلیے آج اچھا دن تھا، ابتداء میں سوچا کہ کچھ شارٹس کھیلیں، جب فیلڈنگ پھیلا دی گئی تو ہم نے پارٹنرشپ کو طویل کیا، ہم پلان کے مطابق کھیلے اور اب اچھی پوزیشن میں ہیں۔

صحافی نے پوچھا کہ وکٹ کیسی لگ رہی ہے کیا یہ بیٹنگ کے لئے آسان ہے؟

اس پر کیوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ہاں یہ بہت اچھی وکٹ ہے، اگر آپ یہاں صحیح جگہ بولنگ کریں تو آپ کو وکٹیں بھی مل سکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غلطی کا مارجن بہت کم ہے لیکن یہ اچھی وکٹ ہے، میرا خیال ہے کہ کل ہمارے لئے اہم دن ہوگا۔

میٹ ہینری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی 3 وکٹیں گرچکی ہیں اگر صبح ہم نے اچھا آغاز کیا تو ہم حریف کو دباؤ میں لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت میچ میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں، سعود شکیل اور امام الحق کی شراکت اہم ہے، اس کا خاتمہ ضروری ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ پارٹنرشپ کے دوران آپ اور اعجاز پٹیل کیا پلاننگ کرہے تھے کیا باتیں ہورہی تھیں؟

اس پر کیوی کھلاڑی نے کہا کہ ہم یہی کہہ رہے تھے مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کریں، کوشش کررہے تھے کہ اسکور کو بڑھائیں، جو پارٹنرشپ کے آغاز میں ہمارے لئے ضروری بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب تھوڑی فیلڈنگ تبدیل ہوئی تو اس کے بعد ہمیں وکٹ پر مزید بیٹنگ کرنے کا وقت مل گیا اور جب پارٹنرشپ لمبی ہوئی تو پلان تھوڑا تبدیل کیا لیکن کوشش کی صورت حال کے مطابق کھیلیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید