• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اور شاہ محمود کا پاناما تحقیقات منطقی انجام تک پہنچانے پر اتفاق

Imran And Shah Mehmood Agreed On Panama Leaks Inquiry To Its Logical End
عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ملاقات میں پاناما لیکس کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر اتفاق کیا گیاہے ،ٹی او آر کمیٹی میں پی ٹی آئی کی شرکت منگل کو اپوزیشن اجلاس کے نتیجے سے مشروط کردی گئی ۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں حکومت کی حزب اختلاف میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

منگل کو پاناما لیکس کے ضوابط کار کمیٹی کے اجلاس میں حاضری لگائی جائے یا غیر حاضر ہوکر حکومت کو پیغام پہنچایا جائے، ڈیڈ لاک سے مایوس تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی عمران خان کے ساتھ بیٹھے اور 15 روز میں ٹی او آر کمیٹی کی 7 بیٹھکوں کی تفصیل ان کے سامنے رکھی۔

بنی گالا میں پارٹی رہنماوں کی مشاورت کی تفصیل تو سامنے نہ آسکی، پارٹی اعلامیے کے مطابق بات اب منگل کو حزب اختلاف سے مشاورت اور اس کے نتیجے تک پہنچ کر رک گئی ہے، جمعے کو کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماوں نے شکوہ کیا تھا کہ تعطل نہ صرف برقرار ہے بلکہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے 2 وزرا خواجہ سعد رفیق اور انوشے رحمان جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کے لیے منصورہ پہنچ گئے،ضوابط کار کی تیاری میں ڈیڈلاک سے خود کو بری الزمہ قرار دے دیا۔

2 روز بعد ہونے والے اجلاس سے پہلے اپوزیشن جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں گی اور اس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گی، کیا تحریک انصاف سارے عمل سے باہر آجائے گی یا پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر آگے بڑھے گی،کس کی چلے گی اور کون چلا جائے گا، ان سب سوالوں کے جواب کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنے پڑے گا۔
تازہ ترین