• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردوں سے پولیس بھی محفوظ نہیں، عوام کا کیا ہو گا؟ رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں میں کے پی پولیس بھی محفوظ نہیں، عوام کے تحفظ کا کیا ہو گا؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری کیے گئے بیان میں پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وفاق کو خیبرپختونخوا میں مسلسل بگڑتی امن و امان کی صورت حال پر سخت تشویش ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد تھانوں پر حملے کر رہے ہیں، پولیس کے جوان، افسران ٹارگٹ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے سے لگتا ہے حکومت کے پی نے بنوں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر سے بھی سبق نہیں سیکھا، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں، عوام کی حفاظت، صوبے میں امن وامان ان کی ترجیح ہی نہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے تھانہ حملے میں ڈی ایس پی، دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کو خراج عقیدت اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ پشاور میں دہشت گردوں نے سربند تھانے پر دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر سردار حسین دو گن مینز سمیت شہید ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق تھانے پر حملے کے بعد ڈی ایس پی اپنے گن مینز ارشاد اور جہانزیب کے ہمراہ پہنچے تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دہشتگردوں نے 2 یا 3 اطراف سے تھانے پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی تعداد 6 سے 8 تھی۔

قومی خبریں سے مزید