امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم محنت کر کے نمبر ون پارٹی کے طور پر سامنے آ گئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم اکیلے ہی بلدیہ کا نظام سنبھا لیں۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اتحاد بنانے کی ضرورت پڑی تو کسی سے بات کرنے میں اعتراض نہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمیں تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والوں نے ووٹ دیے ہیں، تعداد کم کرنے کی جو کوشش ہوتی ہے وہ نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری ساری کوشش تھی کہ فارم 11 اور 12 ہمیں دیا جائے، اگر زور نہ لگاتے تو پتہ نہیں کیا سے کیا کرنے کی کوشش کی جاتی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ آر اوز کے حتمی نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ہمارے پاس 90 سے زائد فارم آ چکے ہیں اور یہ تعداد 100 سے اوپر جا رہی ہے۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے مزید کہا کہ پانی، سیوریج، سڑکوں اور ماس ٹرانزٹ منصوبے پر کام کریں گے، سیوریج کا مسئلہ ہے، سیوریج کے بغیر سڑکیں بنانے سے مشکلات ہوتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر کی صفائی کا نظام ٹھیک کریں گے، کے فور منصوبے کے لیے بات کریں گے۔