• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی خواہش پر نتائج نہیں آسکتے، شازیہ مری

شازیہ مری - فوٹو: فائل
شازیہ مری - فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواہش پر مبنی نتائج نہیں آسکتے۔

وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، پی ٹی آئی ڈرامے بازی سے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتی۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی خواہش پر مبنی نتائج نہیں آسکتے۔ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں جو فیصلہ دیا وہ سب کو قبول کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کبھی بھی سندھ کو ترجیح نہیں دی۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ الیکشن سروے سے نہیں جیتا جاسکتا، گراؤنڈ پر لڑا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کو سیاست کرنا ہے تو لوگوں کے پاس جائیں سروے پر نہ جائیں۔

سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق شازیہ مری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں وقت لگے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ٹانگ دکھانے سے ووٹ نہیں ملتا، کراچی کا ووٹ پیپلز پارٹی کی محنت کا نتیجہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے لوگوں کو ڈلیور کیا جس کا عوام سے بدلہ ووٹ کی صورت میں ملا۔

نتائج میں تاخیر پر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں کراچی کے نتائج تین دن بعد آئے تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بڑے دعوے کرنے والی پی ٹی آئی خود آپس میں لڑ پڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج یوم نجات ہے، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کانپتے ہاتھوں سے اسمبلی توڑ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا دیوالیہ ہوگیا، 10 سال سے ان نالائقوں کی حکومت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدر آباد اور کراچی کی طرح خیبر پختونخوا کے لوگ پی ٹی آئی سے بدلہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنیوا میں 10 ارب ڈالر ملتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تکلیف ہوتی ہے۔

ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گولی لگی ہے تو پھر میڈیکل کمیشن کیوں نہیں بناتے، یہ پہلا شخص ہے جسے گولی لگی اور پلستر چڑھا دیا گیا۔ 

قومی خبریں سے مزید