پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میں اب کھیلنے کے لیے مکمل تیار ہوں، فٹنس کے لیے تمام ضروریات مکمل کرلی ہیں جس کے لیے 55 اوورز کرا چکا ہوں۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ٹریننگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب مجھ میں اسی طرح کی انرجی ہے جیسے سری لنکا میں انجرڈ ہونے سے پہلے تھی، اسی طرح بھاگ رہا ہوں اور پہلے کی طرح بولنگ بھی کر رہا ہوں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے تمام ضروریات مکمل کرلی ہیں اور اب ہر طرح سے کھیلنے کے لیے تیار ہوں، پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں ہوں گا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انجری کے باعث طویل وقت کے لیے ٹیم سے باہر رہنا مشکل تھا، کبھی کبھی یہ بھی ذہن میں آتا تھا کہ انجری سے باہر نکلنے کے لیے اب میں مزید کچھ نہیں کر سکوں گا۔
لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ میں نے اپنے لیے ہدف مقرر کیے ہوئے ہیں اور اس کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کو میری ضرورت تھی تو میں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا، ورلڈ کپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہی ہوتا ہے کہ میری ٹیم کو جب بھی ضرورت ہوگی میں تیار ہوں گا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کو بہت مس کیا، ہوم گراؤنڈز پر ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کی خواہش تھی۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ہوم سیریز میں اچھی کوشش کی لیکن نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، میں بھی ہوتا تو ضرور ٹیم کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں میں اپنے ری ہیب کے سلسلے میں ٹریننگ کر رہے ہیں، وہ گھٹنے کی انجری کا شکار تھے۔