وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر کھیل ارباب لطف اللّٰہ کا کہنا ہے کہ لاہور قلندر کا کرکٹ کے بعد ہاکی میں آنا خوش آئند ہے، سندھ حکومت قومی کھیل کے فروغ میں ہمیشہ دو قدم آگے نظر آئے گی۔
لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کھیل ارباب لطف اللّٰہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری حیدر حسین سابق کپتان اولمپئن حنیف خان بھی موجود تھے۔
عاطف رانا نے کراچی لاہور ہاکی لیگ کا پلان پیش کیا جس کو وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کھیل نے بے حد سراہا۔
عاطف رانا نے کہا کہ لاہور کراچی ہاکی لیگ میں ملک کے تمام کھلاڑی شریک ہوں گے جس کیلئے اوپن ٹرائلز کئے جائیں گے، کراچی ٹیم کے برانڈ ایمبیسڈر شاہین شاہ آفریدی اور لاہور ٹیم کے برانڈ ایمبیسڈر حارث روف ہوں گے۔
عاطف رانا نے لاہور کی طرح کراچی میں بھی ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے کا ارادہ ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ دو سال سے ہماری کوشش تھی کہ کرکٹ لیگ کی طرح ہاکی لیگ بھی ہونی چاہیے اس پلان کی حمایت حیدر حسین نے بھی کی تھی جو کہ اب خود ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری بن چکے ہیں اس لئے زیادہ امید ہے کہ اس بار اس پلان پر عمل ہوجائے گا۔
سندھ کے مشیر کھیل ارباب لطف اللّٰہ نے عاطف رانا کو ہاکی لیگ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ اگر پنجاب حکومت یا کوئی اسپانسر آگے نہیں آتا تو سندھ حکومت تنہا اس پروجیکٹ کیلئے تعاون کرے گی۔
ارباب لطف اللّٰہ نے کراچی میں ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ ہاکی لیگ سے ہاکی کو نیا ٹیلنٹ ملے گا۔
پی ایچ ایف کے سیکرٹری حیدر حسین نے کہا کہ سندھ حکومت وہ واحد صوبہ ہے جو ہمیشہ سے قومی کھیل کیلئے ایک بڑی گرانٹ دیتا ہے، اگر سندھ حکومت تعاون نہ کرے تو ہاکی فیڈریشن اور کھلاڑی اس سے بھی برے حال میں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کراچی ہاکی لیگ بارش کا وہ پہلا قطرہ ثابت ہوگا جس سے ہاکی کا سنہری دور واپس آئے گا، حنیف خان نے بھی لاہور قلندر اور ارباب لطف اللّٰہ کی کاوشوں کو سراہا۔
آخر میں لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے ارباب لطف اللّٰہ کو خوبصورت شیلڈ اور لاہور قلندر کی شرٹ پیش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر کھیل نے بھی مہمانوں کو خوبصورت چادروں کا تحفہ پیش کیا۔