• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی ثابت کرے دہشت گردی میں ملوث نہیں، پاکستان، مذاکرات کیلئے پہلے سازگار ماحول بنایا جائے، بھارت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے بہتر ماحول قائم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے ، انڈیا کو جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ نئی دہلی ثابت کرے وہ دہشتگردی میں ملوث نہیں ،انڈیا مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وادی میں ظلم وستم جاری ، مزید 2 کشمیری شہید کر دیئےگئے ، کشمیریوں کی سیاسی وسفارتی حمایت جاری رہے گی ، بھارت کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کیساتھ پڑوسیوں جیسے تعلق کا خواہاں ہے ، تاہم اسلام آباد کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کیلئے سازگار ماحول بنائے ، انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ ہمارا موقف یہی ہے کہ بات چیت کیلئے دہشتگردی ، تشدد اور دشمنی سے پاک ماحول بنایا جائے ، ترجمان دفتر خارجہ زہر بلوچ نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے، پاکستان بھارت کے کشمیر میں مظالم کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے، بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، الیکشن جیتنے کے لئے بی جے پی کا پاکستان کو بدنام کرنا معمول ہے،فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کا بھارتی مبصرین بھی ذکر کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم جاری ہے، بھارتی افواج نے مختلف واقعات میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، قابض بھارتی فورسز کی غیرقانونی حراست میں تین دہائیوں کے دوران ہزاروں کشمیری لاپتہ ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع بڈگام میں ایک جعلی مقابلے میں گاڑی سے اتار کر گولی مار کر شہید کردیا جبکہ ایک 75 سالہ زیر حراست قیدی محمد مقبول خان کی کپواڑہ جیل میں تشدد کے باعث موت واقع ہوگئی، ترجمان نے کہا کہ انہیں اور ان کے تین بیٹوں کو گزشتہ سال اگست میں فرضی الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، کپواڑہ کے کنن گاؤں میں ایک خاندان گزشتہ ایک ماہ سے اپنے بیٹے اور بھائی عبدالرشید ڈار کی تلاش میں ہے جسے بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 15 دسمبر کو گرفتار کیا تھا، ترجمان نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سیکڑوں افراد بھارتی سکیورٹی فورسز کی تحویل میں لاپتہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معتبر اعداد و شمار کے مطابق 1989 سے اب تک مقبوضہ علاقہ میں تقریباً آٹھ ہزارافراد لاپتہ ہوچکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید