• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر آر ایس ایس رہنماؤں کی نمایاں مسلم شخصیات سے ملاقات

دہلی گیٹ
دہلی گیٹ

بھارت کی راشٹریا سوایمسیوک سَنگھ (آر ایس ایس) کے رہنماؤں نے دہلی میں سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کی رہائشگاہ پر مسلم رہنماؤں سے بند کمرے میں ملاقات کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں نفرت انگیز تقاریر، جھگڑے فساد، آبادیوں پر حکومت کی طرف سے بلڈوزر چلانے کے متعلق بات چیت کی گئی۔

آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت نے سب سے پہلے پچھلے سال اگست میں 5 مسلم شخصیات سے ملاقات کی تھی۔

14 جنوری کو آر ایس ایس رہنماؤں کے وفد میں اندریش کمار، رام لال اور کرشنا گوپال شامل تھے جبکہ دوسری طرف نجیب جنگ، سابق الیکشن کمشنر شہاب الدین یعقوب قریشی، صحافی شاہد صدیقی، ہوٹل مالک سعید شیروانی موجود تھے، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ضمیرالدین شرکت نہیں کرسکے تھے۔

یہ ملاقات اس لیے اہم تھی کیونکہ اس میں جماعت اسلامی ہند، جمعیت علمائے ہند اور دارالعلوم دیوبند کے مذہبی رہنما بھی موجود تھے۔

13 جنوری کو مذہبی رہنماؤں نے نجیب جنگ کے گھر ملاقات کرکے آر ایس ایس وفد سے ہونے والی میٹنگ کے نکات تیار کیے تھے۔

شاہد صدیقی نے کہا کہ ہماری ایک اور خوشگوار ملاقات ہوئی ہے جس میں مسلمانوں کو دیوار سے لگائے جانے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں میں دوبارہ ملاقات کیلئے پرامید ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سیکریٹری نے بتایا کہ نفرت انگیز تقاریر کا معاملہ اٹھایا گیا اور آر ایس ایس رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ یہ بین الاقوامی سطح پر بھی بھارت کیلئے بدنامی کا باعث بنتا ہے۔

تین گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دیگر شہروں میں بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید