افغان نژاد امریکی اداکارہ و ہدایت کار فرشتہ کاظمی ناروے سے تعلق رکھنے والے ڈانس گروپ ’دی کوئیک اسٹائل‘ کو افغانی سمجھ کر ان کی تعریفوں کے پُل باندھ بیٹھیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایڈیٹڈ ویڈیو کے دھوکے میں آکر افغانی اداکارہ فرشتہ کاظمی دی کوئیک اسٹائل گروپ کو افغانی ڈانسنگ گروپ اور کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں خماریاں بینڈ کے گانے ’یا قربان‘ کو افغانی دھن قرار دے کر تعریفیں کرتی رہیں۔
تاہم ٹوئٹر صارفین کی جانب سے جب بتایا گیا کہ مذکورہ گروپ افغان گروپ نہیں بلکہ دو پاکستانی بھائیوں کا نارویگن ڈانسنگ گروپ ’دی کوئیک اسٹائل‘ گروپ ہے۔
اور مذکورہ دھن افغان دھن نہیں بلکہ مشہور زمانہ پشتو دھن ہے جو ٹپے کے زمرے میں آتی ہے اور 1970 میں پشتو زبان کی معروف گلوکارہ ’گلنار بیگم‘ نے اسے گایا تھا۔
جبکہ نارویگن ڈانسنگ گروپ ’دی کوئیک اسٹائل‘ نے دو ماہ قبل قطر میں منعقدہ فیسٹیول کے دوران اس پر پرفارم کیا تھا۔
جب فرشتہ کاظمی پر حقیقت عیاں ہوئی تو اپنی اصلاح کرنے کی بجائے انہوں نے کمنٹ سیکشن ہی بند کر دیا۔