بھارتی شہر لکھنؤ میں منگل کو پیش آنے والے حادثے میں بچوں کے کارٹون ڈوریمون نے ایک 6 سالہ بچے کی جان بچالی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنؤ میں منگل کو کثیر المنزلہ عمارت گر گئی ، جس میں دو خواتین جاں بحق جبکہ 14 زخمی افراد کو بچا کر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دو دن گزر جانے کے باوجود ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
تاہم اس حادثے میں زخمی ہونے والا ایک 6 سالہ بچے کی جان جاپانی مشہور کارٹون ڈوریمون نے بچا لی، جو مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچے نے بتایا کہ جیسے ہی بلڈنگ ہلنا شروع ہوئی تو اسے لگا کہ زلزلہ آگیا ہے۔
بچے کا کہنا تھا کہ ڈوریمون کارٹون میں ایک بار بتایا گیا تھا کہ زلزلے کے وقت کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے، کارٹون میں دِکھایا گیا تھا کہ کس طرح زلزلے کے وقت کارٹون کا مرکزی کردار نوبیتا محفوظ مقام پر پناہ لے کر اپنے آپ کو محفوظ رکھتا ہے، اسے بھی جیسے ہی محسوس ہوا کہ زلزلہ آیا ہے وہ فوراً پلنگ کے نیچے جاکر چھپ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے نے بتایا کہ لمحے بھر میں پوری عمارت گر گئی اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔
واضح رہے کہ ڈوریمون آج کل کے بچوں کے سب سے پسندیدہ کارٹونز میں سے ایک ہیں، خاص طور پر پاکستان اور بھارت میں ہر بچہ ڈوریمون کارٹون کا شوقین ہے۔
دراصل ڈوریمون ایک روبوٹک بلی ہے جس کے پاس مستقبل کے بہت سے گیجٹز ہیں، جن کی مدد سے وہ ایک شرمیلے اور کاہل لڑکے نوبیتا کی مدد کرتی ہے۔