سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، قائد اعظم کے بعد اتنا بڑا ایماندار لیڈر پاکستان میں نہیں آیا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ میں نے عمران خان کو کہا کہ جب مرضی اسمبلیاں توڑ دیں، حالات آج بھی ٹھیک ہے، خان صاحب آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے عمران خان کے ہر کام میں برکت ڈالی ہے، آپ لوگوں نے گھبرانا نہیں ہے، پنجاب کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ جو منصوبے پرانے تھے انہیں بھی ٹھیک کیا اور چلایا، وزیر آباد کارڈیولوجی اسپتال کو اپ گریڈ کیا، صحت کارڈ کا اجرا کیا گیا، ہم نے 5 ماہ میں ساڑھے پانچ سال کا کام کیا۔
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کا کام الیکشن کرانا ہے، کیسز بنانا نہیں، وہ آرام سے بیٹھیں اور کوئی اچھا کام کر کے جائیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ فری اینڈ فیئر الیکشن کرائیں، انتقامی کارروائی نگراں وزیرِ اعلیٰ کیسے کر سکتا ہے؟ وہ ایسا کام کریں کہ لوگ عزت کریں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ فوری طور پر الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے، ہماری عدلیہ آزاد ہے، وہاں انصاف مل رہا ہے اس لیے ملک چل رہا ہے۔