• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SCO اجلاس، بھارت سے دعوت نامہ موصول، سوچ بچار کے بعد شرکت کا فیصلہ ہوگا، پاکستان

اسلام آ باد(نیوز ایجنسیاں) پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے رواں برس مئی میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لئے پاکستان کو دعوت نامہ بھیجا ہے جس پر سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا پاک بھارت جوہری جنگ سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے، پاکستان نے ہمیشہ صبر اور ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا ہے۔ دفتر خارجہ میں ہونے والی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ’پاکستان اور انڈیا دونوں ہی شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان ہیں اور اس بار انڈیا کونسل آف فارن منسٹرز اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں بحیثیت چیئرمین انڈیا نے پاکستان کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’دعوت نامے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اجلاس میں شرکت کے حوالے سے سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے اطلاعات سامنے آنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا، ماضی میں بھی بھارت فالس فلیگ آپریشن کر چکا ہے، جب کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے بھارتی مظالم سے پردہ اٹھانے پر بی بی سی دستاویزی فلم پر بھارتی پابندی آزادی اظہار پر قدغن ہے۔
اہم خبریں سے مزید