• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے رابطہ کریں گے کہ دہشتگردوں کو کنٹرول کرے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شواہد ہیں کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان میں امن تباہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے، افغانستان سے رابطہ کریں گے کہ دہشت گردوں کو کنٹرول کرے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پشاور میں آج ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق کہا کہ دہشت گرد مسجد میں پہلی صف میں کھڑا تھا، دہشت گردوں نے پولیس کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا ایک صوبہ کسی حد تک اس وقت حالت جنگ میں ہے، خیبر پختون خوا میں امن و امان بحال کیا جائے گا، خوش آئند بات ہے کہ شہری دہشت گردی کے خلاف باہر نکلے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، شواہد ہیں کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان میں امن تباہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ کابل اور اسلام آباد مل کر دہشت گردی کا قلع قمع کریں، افغانستان سے رابطہ کریں گے کہ ان دہشت گردوں کو کنٹرول کریں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں لوگ شہید بھی ہوئے ہیں اور زخمی بھی ہوئے ہیں، دھماکے سے مسجد کی چھت گر گئی ہے، یہ کون لوگ ہیں، ان دہشت گردوں کا دین سے کیا تعلق ہے؟ 2 ہفتے پہلے بھی سی ٹی ڈی میں پولیس دہشت گردوں کا ٹارگٹ تھی۔

قومی خبریں سے مزید