• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27 ستمبر کے احتجاج سے قبل کارکنان کی پکڑ دھکڑ شروع ہے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔
 بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل کارکنان کی پکڑ دھکڑ شروع ہے، کیا عوام کے پاس اختیار نہیں کہ وہ پرامن احتجاج کیلئے سڑکوں پر آئیں، ہم نے واضح کہا کہ کسی کے ہاتھ میں کوئی لاٹھی یا غلیل نہیں ہوگی۔ 

راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقاتوں سے متعلق درخواست پر عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملاقاتیں نہ ہونے پر تشویش ہے، اسی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے، ملاقاتیں ہوتیں تو پیغام آتے اور حالات بہتری کی جانب جاتے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ انصاف نہ دے، پارلیمنٹ بات نہ سنے تو ہم سڑکوں پر ہی جائیں گے، ایک ایک قدم سب کو پیچھے ہٹنا پڑے گا تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سہیل آفریدی کو سونپی ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام کا مسئلہ سنجیدہ ہے اس پر جلد بازی سے نقصان ہوگا، پارلیمنٹ نے پہلے ہی متنازع آئینی ترامیم کی ہیں، مزید ترمیم سے وفاق کمزور ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرانے سے متعلق ہائیکورٹ کا آرڈر ہے، فیملی کو معلوم ہوگا بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس کیا کچھ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی مقاصد کیلئے صوبے کے وسائل کو استعمال نہیں کیا، نہ کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبوں سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیان دیا، دہشتگردی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کبھی کسی ادارے کے سربراہ کی تعیناتی پر کوئی سوال نہیں اٹھایا، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر سے بات کرنے میں پہل کرنی چاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت جنوری 2025 میں ختم ہوچکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بات چیت کا مینڈیٹ محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کے پاس ہے۔

قومی خبریں سے مزید