شمالی امریکا میں جمعہ کو لاپتہ ہونے والے نوجوان سعودی شہری کی لاش ایک جھیل سے مل گئی ۔
29 سالہ عبدالرحمان العنزی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ کی ’ایری جھیل‘ میں ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
جھیل سے نوجوان کی لاش فائر ڈپارٹمنٹ نے نکالی جبکہ پولیس کو بھی جائے وقوعہ پر بلایا گیا۔
عبدالرحمان کے بڑے بھائی بدر نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی کو تین مہینے پہلے امریکا لایا تھا۔
اس نے کہا کہ رحمان جمعرات کی شام ایک رشتے دار کے ساتھ رات کے کھانے کیلئے گیا، جمعہ کی رات کو مجھے ڈھائی بجے فون آیا کہ بھائی لاپتہ ہوگیا ہے۔
بدر نے بھائی کی گمشدگی کی اطلاع سعودی سفارتخانے اور قونصل خانے کو کی اور مقامی حکام نے تلاش شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رحمان تقریباً رات ڈھائی بجے جھیل دیکھنے کیلئے ایک گروپ کے ہمراہ آیا، جب گروپ واپس جانا چاہتا تھا تو رحمان ان سے الگ ہو گیا۔
گروپ میں شامل افراد نے اسے تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں ملا۔