• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش: جماعت اسلامی کے 2 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی دہری شہریت کی وجہ سے مسترد

فوٹو: بنگلادیشی میڈیا
فوٹو: بنگلادیشی میڈیا 

بنگلادیش میں قومی پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والے جماعت اسلامی کے دو امیدواروں کے  کاغذات نامزدگی دہری شہریت کی وجہ سے مسترد کردیے گئے۔

الیکشن کمیشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ جماعتِ اسلامی کے دو امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی دہری شہریت کی بنیاد پر مسترد کر دیے گئے ہیں۔

کریگرام 3 حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی کمشنر انپربھنا دیبناتھ  نے جماعت اسلامی کے امیدوار محبوب العلم صالحی کے کاغذات مسترد کردیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امیدوار نے برطانیہ کی شہریت ختم کرنے کا حتمی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امیدوار نے برطانیہ میں شہریت ختم کرنے کے لیے درخواست اور ادائیگی سے متعلق ای میلز کی کاپیاں جمع کروائیں، تاہم متعلقہ ملک کے ایمبیسی یا حکام سے حتمی تصدیق نہیں ملی۔

اس فیصلے کے بعد جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفس میں احتجاج کیا، جس پر اضافی پولیس اور فوجی اہلکار تعینات کیے گئے۔ 

جماعت اسلامی کے  امیدوار  محبوب العلم صالحی کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں ضروری دستاویزات کے ساتھ موجود تھا، مجھے پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایک جانبدارانہ اور جان بوجھ کر غلط فیصلہ کیا گیا، میں اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے اپیل کروں گا۔

چٹاگانگ 9 کے ایک اور حلقے سے ریٹرننگ آفیسر اور ڈویژنل کمشنر نے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر اے کے ایم فضل الحق کے کاغذات مسترد کردیے ہیں، جو امریکی شہریت رکھتے ہیں۔

چٹاگانگ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ فضل الحق نے امریکی شہریت ختم کرنے کی درخواست کی تھی مگر مکمل دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔

بنگلادیش جماعت اسلامی کے انتخابی امیدوار فضل الحق نے ایک حلف نامہ میں بیان کیا کہ انہوں نے 28 دسمبر کو امریکی شہریت ختم کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید