• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اتار چڑھاؤ کی شکار سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہم پاکستان میں سیاسی استحکام کیلئے منظم آئینی راستے کے منتظر ہیں۔

یورپی ترجمان نے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کیلئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان خیالات کا اظہار یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی ترجمان نبیلا مصرالی نے یورپی کمیشن کی مڈ ڈے بریفنگ کے دوران پاکستان میں گذشتہ روز پشاور کے بم دھماکے کے تناظر میں پاکستان میں سیکیورٹی اور سیاسی استحکام سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جو بدستور اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔ ہم پاکستان کے لیے سیاسی استحکام کے ایک ایسے شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے ایک منظم آئینی راستے کے منتظر ہیں، جو پاکستان اور یورپی یونین دونوں کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے مفاد میں ہو۔

قبل ازیں پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں ترجمان نبیلا مصرالی نے کہاکہ 'ہم نے کل کے مسجد میں ہونے والے دھماکے کی رپورٹس دیکھی ہیں جہاں لوگ عبادت کیلئے اکٹھے تھے۔ اس موقع پر ہم پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس موقع پر یورپی ترجمان نے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کیلئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایسے عناصر کی بھی مذمت کی جو عبادت گاہوں کو نشانہ بناکر ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید