آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ویزا مسائل کے باعث بھارت نہ جاسکے۔
عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ٹیم کے ہمراہ بھارت نہ جانے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ویزے کا انتظار کر رہا ہوں، یہ ایسے ہے جیسے میں پھنسا ہوا ہوں۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی اسکواڈ منگل کی رات سڈنی سے بھارت کے لیے روانہ ہوا جبکہ عثمان خواجہ کے حوالے سے امکان ہے کہ ان کا ویزا آج کلیئر ہوجائے گا اور وہ آج ہی بھارت روانہ ہوں گے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ کو 2011 میں بھی بھارت جانے کے لیے ویزے کا مسئلہ ہوا تھا۔
عثمان خواجہ کو2011 میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت جانا تھا۔
اُس وقت آسٹریلوی حکام نے عثمان خواجہ کے اس مسئلے کو پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ قرار نہیں دیا تھا۔
عثمان خواجہ نے 2011 میں بھی ویزا نہ دینے پر آواز اٹھائی تھی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے بھارت میں 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 فروری کو شیڈول ہے۔