• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالر مزید مہنگا، انٹر بینک میں 277 اور اوپن میں 280 کا ہوگیا، سونا بھی بڑھ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے روپے کو پے درپے بڑے جھٹکے لگنے کا سلسلہ جاری ہے ، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا اور انٹربینک میں 277اور اوپن مارکیٹ میں 280روپے کا ہوگیا

 یورو کی قیت میں بھی 5روپے اضافہ ہوا اور پہلی مرتبہ 300روپے کی حد عبور ہوگئی ، پاؤنڈ بھی 6روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔ ادھر سونا بھی بڑھ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق روپے کو ایک اور بڑا جھٹکا، جمعہ کو روپے کے مقابلے پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 4 روپے کے اضافے سے 268.00 روپے سے بڑھ کر 272.00 روپے اور قیمت فروخت 7 روپے کے اضافے سے 271.00 روپے سے بڑھ کر 277.00 روپے ہو گئی ہے .

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید5 روپے بڑھ کر 271.00 روپے سے بڑھ کر 276.00 روپے اور قیمت فروخت 6 روپے سے بڑھ کر 274.00 روپے سے بڑھ کر 280.00 روپے ہو گئی ہے

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 4 روپے کے اضافے سے 294.00 روپے سے بڑھ کر 298.00 روپے اور قیمت فروخت 5 روپے کے اضافے سے 299.00 روپے سے بڑھ کر 304.00 روپے ہو گئی ہے،جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 5 روپے بڑھنے کے بعد 330.00 روپے سے بڑھ کر 335.00 روپے اور قیمت فروخت 6 روپے کے اضافے سے 335.00 روپے سے بڑھ کر 341.00 روپے ہو گئی ہے ،واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں ڈالر اور کرنسیوں کی بلند ترین قیمت ہے۔

ادھر عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 44 ڈالر فی اونس کی نمایاں کمی سے 1911 ڈالر فی اونس پر آگئی لیکن اس کے برعکس روپے کے مقابلے پر ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1300 روپے فی تولہ کے اضافے سے 2 لاکھ 8ہزار 500 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 1114 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 78ہزار 755 روپے ہو گئی ہے جبکہ 50 روپے کے اضافے سے چاندی کی قیمت 2350 روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید