• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف بھارت کے ناقابلِ تسخیر دشمن تھے: ششی تھرور

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بھارتی کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ششی تھرور نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف طویل عرصے زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئے، وہ بھارت کے ایک ناقابل تسخیر دشمن تھے جو 2002ء سے2007ء کے درمیان امن کے لیے ایک حقیقی طاقت بنے۔

ششی تھرور نے لکھا ہے کہ پرویز مشرف کے دورِ اقتدار میں میری اقوام متحدہ میں ان سے سالانہ ملاقات ہوتی تھی، میں نے اُنہیں حکمتِ عملی اور سوچ میں بہت ہوشیار اور صاف گو پایا۔

بھارتی کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے دنیا سے جانے پر دلی جذبات کا اظہار بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔

ذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید