• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف جنرل عاصم منیر 5 روزہ اہم سرکاری دورہ پر برطانیہ پہنچ گئے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر برطانوی وزارت دفاع کی دعوت پر سیکورٹی سے متعلق اسٹرٹیجک امور پر بات چیت کے لئے انتہائی اہم دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔ ذرائع نے جیو اور جنگ کو بتایا ہے کہ جنرل منیر پیر سے برطانیہ کا پانچ روزہ سرکاری طور پر دورہ کریں گے۔ اس دورے میں اعلیٰ فوجی کمانڈر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وہ ہفتے کی رات دیر گئے برطانیہ پہنچے۔ طالبان عسکریت پسندی کے بڑھتے ہوئے مسئلے اور جنوبی ایشیائی خطے کی صورتحال کے پیش نظر اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال نومبر کے آخر میں پاکستان کے طاقتور آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر کا برطانیہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک اس دورے کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔ آرمی چیف5 سے8 فروری کے درمیان ولٹن پارک میں 5ویں مشترکہ پاک برطانیہ استحکام کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ ولٹن پارک ایک ایگزیکٹو ایجنسی ہے، جسے یوکے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے حکومتوں کے درمیان شفاف مکالمے کو فروغ دینے کے لئے بنایا ہے۔ برطانوی آرمی چیف جنرل سر پیٹرک سینڈرز کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا موضوع جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام: جغرافیائی سیاست اور دیگر چیلنجز کی واپسی ہے۔

اہم خبریں سے مزید