• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان، اختیارات کے تنازعہ پر ضلع ناظم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات میں لڑائی

مردان ( نمائندہ جنگ) اختیارات کے تنازعہ پر ضلع ناظم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کے درمیان پھڈا ہوگیا،بلدیات کا دفتر میدان کارزاربن گیا ہاتھاپائی ہوتے ہوتے رہ گئی ، ملازمین نے اپنے آفیسر کے پیچھے تالا لگاکر اس کی جان بچالی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ضلع ناظم کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دے دی ،ملازمین آج قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے اس حوالے سے اے ڈی بلدیات فضل اللہ نے تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کو اپنے تحریری بیان میں بتایاہے کہ پیرکے روز ضلع ناظم حمایت اللہ مایار یونین کونسل باغ ارم کے دفتر کی تبدیلی کے حوالے سے فون پر بات کی اورکہاکہ میرے ایگزیکٹو آرڈز پر عمل درآمد کیوں نہیں کیاجارہاہے بعدازاں ضلع ناظم اپنے مسلح افراد کے ہمراہ میرے دفتر آیا اس وقت ایک اجلا س جاری تھا ضلع ناظم نے گالیاں دیں اور ہتک آمیز رویہ اپنایا اے ڈی بلدیات کے مطابق ضلع ناظم نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تاہم اس دوران دیگر ملازمین درمیان میں آگئے اور  بیچ بچاؤ کرکے انہیں دفتر میں بند کرکے تالا لگادیا  ۔ضلع ناظم حمایت اللہ مایار ایڈووکیٹ نے ’’جنگ ‘‘ کو بتایاکہ اس نے کسی کی ہتک کی ہے اورنہ ہی کسی دھمکیاں دی ہیں بلکہ اے ڈی بلدیات جو بلحاظ عہدہ ضلع کونسل کے سیکرٹری ہیں کو یہ بتانے گئے تھے کہ وہ ڈیڈک کمیٹی کے دفتر کی بجائے ضلع ناظم کے دفتر میں شفٹ ہوجائیں کیونکہ ضلع کونسل کے سیکرٹری کی حیثیت سے ان کا بڑا اہم رول ہوتاہے تاہم وہ گذشتہ ایک سال سے لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں اور ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور سرکاری آفسیر کی بجائے تحریک انصاف کے وکرر بن گئے ہیں ۔ ادھر اے ڈی بلدیات کے ساتھ ہتک آمیز رویہ کے خلاف ملازمین آج تالا بند ہڑتال کریں گے ضلع ناظم کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات فضل اللہ کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیا رکرنے کے واقعے کی اطلا ع ملتے ہی ملازمین سیخ پاہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع ناظم اور اے ڈی بلدیات کے درمیان شروع ہی سے اختلافات چلے آرہے ہیںاسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات فضل اللہ کا جھکاؤ تحریک انصاف کی طرف ہے اور ضلع کونسل کے متنازعہ بجٹ کے حوالے سے انہوںنے انکوائری کمیٹی کے سامنے ضلع ناظم کے خلا ف بیان ریکارڈ کیاتھا جس پر ان کے اور ناظم کے درمیان اختلافات کا دائرہ وسیع ہوگیا تھا جبکہ بلدیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضلع ناظم کے دفتر سے جاری اکثر ایگزیکٹو آرڈرزکی بھی پرواہ نہیں کرتے جس پر ضلع ناظم حمایت اللہ مایار زغم تھا ۔ دریں اثنائ  ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین افتخارعلی مشوانی  ایم پی اے نے کہاہے کہ ضلع ناظم پر نااہلی کی تلوار لٹک رہی ہے جس کے باعث وہ حواس باختہ ہوچکے ہیں اور شریف آفیسران کی تضحیک اور ان کو کھلے عام دھمکیاں ان کا وطیرہ بن چکاہے ’’ جنگ ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی مشوانی نے کہاکہ اے ڈی بلدیات صرف کونسل کے اجلاس کے دوران سیکرٹری کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کرسکتاہے تاہم ضلع ناظم کے دفتر میں وہ شفٹ ہونے کے پاپند نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ضلع ناظم کو معلوم ہے کہ وہ ناقص کارکردگی پر جلد اپنی سیٹ سے ہاتھ دھونے والے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ سارا نزلہ آفیسران پر گراررہے ہیں ۔  
تازہ ترین