• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھروو راٹھی نے فلسطین کے حق میں آواز نہ اُٹھانے پر پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لے لیا

فوٹوز — سوشل میڈیا
فوٹوز — سوشل میڈیا

معروف ہسپانوی اداکار ہاویئر بارڈم کے آسکرز 2026ء کی تقریب میں فلسطین کے حق میں نعرہ لگانے پر ان کے ہمراہ روسٹرم پر موجود بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو خاموش کھڑے رہنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

آسکرز 2026ء کی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں ہاویئر بارڈم کے فلسطین کے حق میں نعرہ لگانے پر پریانکا چوپڑا زبردستی دبی سی مسکراہٹ دیتی رہیں۔

بھارتی اداکارہ کو اس اقدام پر صرف پاکستانی صارفین کی جانب سے ہی نہیں بلکہ ان کے اپنے ملک بھارت سمیت دنیا کی کئی معروف شخصیات کی جانب سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پریانکا چوپڑا پر تنقید کرنے والوں میں معروف بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی بھی شامل ہیں۔

 دھروو راٹھی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اُنہوں نے پریانکا چوپڑا کو غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز نہ اُٹھانے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آسکرز 2026ء کی تقریب میں پریانکا چوپڑا کی شکل دیکھنے کے لائق تھی، اب آپ میں سے کچھ لوگ سوال کریں گے کہ اگر اداکارہ خاموش رہیں اور غیر جانبدار رہیں، تو اس میں غلط کیا ہے؟

بھارتی یوٹیوبر نے مزید کہا کہ غیر جانبدار رہنا ہی تو مسئلہ ہے، غیر جانبدار رہنا مطلبی ہونے کہ علامت ہے، اگر آپ کے اپنے گھر کے اوپر بم نہیں گر رہے، تو غیر جانبدار ہو کر یہ کہہ سکتے ہو کہ نہ تو میں جنگ کی حمایت کرتا ہوں اور نہ ہی میں جنگ کے خلاف ہوں، میں غیر جانبدار ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ انسانیت تب ظاہر ہوتی ہے جب آپ جنگ سے متاثرہ علاقوں سے بہت دور ہونے کے باوجود بھی صحیح مؤقف کی حمایت کرنے کا انتخاب کریں، جیسے کے اسپین نے کیا، حالانکہ اسپین نیٹو کا اتحادی ہے، امریکا کا اتحادی ہے، لیکن پھر بھی ہسپانوی وزیرِ اعظم نے امریکا کو اپنی سرزمین جنگ کے لیے استعمال نہیں کرنے دی۔

دھروو راٹھی نے کہا کہ اسی طرح ہالی ووڈ کے بہت سے نامور اداکاروں نے بھی اخلاقی طور پر صحیح مؤقف کی طرف داری کر رہے ہیں حالانکہ ان کے گھروں پر بھی بم نہیں گر رہے، وہ بھی چاہتے تو خاموش رہ سکتے تھے، لیکن اُنہوں نے بھی ایسا نہیں کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت ہی بد قسمتی کی بات ہے کہ ہمارے زیادہ تر مشہور بالی ووڈ اداکار بہت زیادہ ڈرپوک ہیں یا پھر بہت زیادہ خود غرض ہیں کہ یہ سادہ سی اخلاقیات کا مظاہرہ کرنے سے پہلے بھی سو بار سوچتے ہیں کہ کہیں ایسا کرنے سے ہمارے طاقتور لوگوں کے ساتھ تعلقات خراب نہ ہوجائیں۔

بھارتی یوٹیوبر نے بھارتی اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پریانکا چوپڑا تو اقوام متحدہ کی سفیر بھی ہیں اور اگر وہ اتنی آسان چیزوں پر بھی اپنے مؤقف کا اظہار نہیں کرسکتیں تو پھر کس بات کی سفیر ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید