وفاقی حکومت نے سابقہ فاٹا کو گزشتہ 10 برس میں دیے گئے 417 ارب روپے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سانحہ پشاور پولیس لائنز مسجد کے پیش نظر 417 ارب روپے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو دیے گئے 417 ارب کا فنانشل اور پرفارمنس آڈٹ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو 417 ارب روپے کی تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سانحہ پشاور پولیس لائنز مسجد کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس بلا کر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق این ایس سی کے پلان پر نظرثانی کرکے اسے مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملک میں جاری سیاسی انتشار کو ختم کرنے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کو ضرب عضب آپریشن کی مد میں 100 ارب روپے سالانہ جاری ہوئے، رقم وفاقی حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 سال تک صوبائی حکومت کو فراہم کی جاتی رہی۔