حکومتی یقین دہانی اور وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کی دھمکی رائیگاں گئی، پیٹرول اور ڈیزل کے ذخیرہ اندوزوں نے پنجاب کے مزید کئی شہر جکڑ لیے۔
سرگودھا، بہاولنگر، کمالیہ، نارووال، شکر گڑھ، گوجرا اور منڈی بہاؤالدین کے بعد لاہور بھی پیٹرول کی قلت کا شکار ہوگیا۔
کئی پیٹرول پمپس بند ہوگئے جبکہ کھلے پیٹرول پمپس پر موٹرسائیکل والوں کو 400 روپے اور کار والوں کو 4 ہزار کے پیٹرول کی راشننگ شروع کردی گئی۔
پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرول سپلائی نہیں ہو رہا، اس لیے وہ کم بیچ رہے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے یقین دلایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 15 فروری سے پہلے تبدیل نہیں ہوں گی۔ پیٹرول نہ بیچنے یا مہنگا بیچنے والوں کے لائسنس کینسل کردیں گے۔