• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن، 3 اداروں کا مدد سے انکار، پنجاب، KP اسمبلیوں اور ضمنی انتخابات کیلئے وزارت دفاع، خزانہ، عدلیہ نے معاونت سے معذرت کرلی

اسلام آباد ( طاہر خلیل + نوشین یوسف ) پنجاب ، خیبر پختونخواہ اسمبلیوں کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے وزارت دفاع، وزارت خزانہ اور عدلیہ نے معاونت سے معذرت کر لی ہے ۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوج اندرونی سیکورٹی میں مصروف ہے، الیکشن اہلکار نہیں دے سکتے، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ معاشی بحران اور خسارے کا سامنا ہے، اضافی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ موخر کیا جائے، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے الیکشن کمیشن کو خط میں بتایا کہ پنجاب میں سوا 13 لاکھ سے زائد کیسز زیرالتوا ہیں، عدالتی افسران کی فراہمی سےمقدمات کا التوا مزید بڑھ جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ، خیبر پختونخواہ اسمبلیوں کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے وزارت دفاع، وزارت خزانہ اور عدلیہ نے سیکورٹی ،اخراجات کیلئے پیسے اور انتخابی عمل میں عدالتی افسروں کی تقرری سے معذرت کر لی ہے ۔ وزارت دفاع نے آگاہ کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور لا ء اینڈ آرڈر کے سنگین مسائل کے پیش نظر انتخابات میں فوج، رینجزر کو پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات نہیں کیا جا سکتا تاہم حساس علاقوں میں کوئیک ریسپانس فورس موجود رہے گی ، وزارت خزانہ نے آگاہ کیا ہے کہ دونوں صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کیلئے 12 ارب روپے دیئے جا سکتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو 60 ارب روپے سےزیادہ انتخابی اخراجات کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ چیف جسٹس کی ہدایت پر وہ لیٹر تحریر کر رہے ہیں عدالتی افسروں کو انتخابات میں تعینات نہیں کیا جا سکتا ، چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں اور ریٹرننگ افسروں کی عدلیہ سے تقرری کیلئے رابطہ کئے تھے اب تک ہونے والے عام انتخابات عدالتی افسروں کی نگرانی میں ہوتے رہے ہیں اور انہیں اس مقصد کیلئے خصوصی طور پر ٹریننگ بھی دی گئی ہے ۔ سیکورٹی حکام نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ صرف راجن پور کے حلقے میں فورسز کی خدمات دی جا سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کی 93 نشتوں پر ضمنی الیکشن کیلئے وزارت دفاع نے رینجرز اور ایف سی کی اسٹیٹک تعیناتی سے معذرت کر لی۔وزارت دفاع نے کہا کہ ضمنی اور خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلیوں کے الیکشن کےلیے آرمڈ فورسز کی تعیناتی قابل عمل نہیں۔رینجرز اور ایف سی کی پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعیناتی پر وزارت دفاع نے سیکرٹری داخلہ کو خط میں کہا کہ مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز بارڈر منیجمنٹ اور اندرونی سیکورٹی منیجمنٹ میں مصروف ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسلح افواج 27 فروری سے 3 اپریل تک مردم شماری کے عمل میں مصروف ہوں گی۔ ضمنی اور خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلیوں کے الیکشن کےلیے آرمڈ فورسز کی تعیناتی قابل عمل نہیں۔ پنجاب رینجرز راجن پور ضمنی الیکشن میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر دستیاب ہوں گی۔ وزرات خزانہ نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کیلئے اضافی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرنے کی درخواست کی ہے ۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال خراب ہے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے وسیع تر قومی مفاد میں اضافی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 93 نشتوں پر ضمنی الیکشن کیلئے 20 ارب روپے ضمنی گرانٹ اور آئندہ انتخابات کیلئے 14 ارب روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ کئ درخواست کی تھی۔ خیپر پختونخوا، پنجاب اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی 93 نشتوں پر ضمنی الیکشن کیلئے 20 ارب روپے ضمنی گرانٹ اور ائندہ انتخانات کیلئے 14 ارب روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو جوابی خط میں کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال خراب ہے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے وسیع تر قومی مفاد میں اضافی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرے۔ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو موخر کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن اخراجات کیلئے 60ارب روپے سے زائد کی درخواست کی تھی۔

اہم خبریں سے مزید